کھیل
Time 27 مئی ، 2021

پی ایس ایل 6 کے بقیہ ایڈیشن سے بے یقینی کے بادل چھٹ گئے

فوٹو: فائل

پی ایس ایل 6 کے بقیہ ایڈیشن سے بے یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں اور بھارت اور جنوبی افریقا کے براڈ کاسٹرز کو ابوظبی لینڈنگ کی اجازت مل گئی ہے۔

ذرائع پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی مداخلت پر اماراتی حکام نے لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے پی ایس ایل کو بچانے کے لیے اماراتی حکام سے بات چیت کی اور اجازت حاصل کی۔

پی سی بی کا کہنا ہےکہ دونوں ممالک سے آنے والی چارٹرڈ فلائٹس جلد پرواز کریں گی، تمام افراد کو ویزے ملتے ہی چارٹرڈ فلائٹس کوحتمی شکل دی جائے گی۔

دوسری جانب کراچی اور لاہور سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فلائٹ ابوظبی روانہ ہوگئی ہے، ذرائع کے مطابق ابوظبی روانہ والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تعداد 200سے زائد ہے۔

 تاہم کراچی کے ہوٹلوں میں موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد سمیت25 افراد کو اب تک ویزے نہیں ملے، تمام افراد فی الحال بائیو سیکیور ببل میں ہی رہیں گے۔

ملتان سلطانز کے آصف آفریدی،اسلام آباد یونائیٹڈ کےعمرامین بھی ویزوں کے منتظر ہیں، آصف آفریدی کو آخری لمحات میں شاہد آفریدی کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا تھا جب کہ عمرامین کو بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نےڈرافٹ کے بعد اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد موسیٰ بھی ویزہ ملنے کے منتظر ہیں، ان کے علاوہ لاہور قلندرز کے زید عالم اور ذیشان اشرف بھی ویزوں کے منتظر،دیر سے ویزہ ملنے والے پلیئرز کو علیحدہ چارٹر طیارے سے یو اے ای لےجایا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہےکہ پاکستان میں باقی رہ جانے والے تمام افراد کو ویزے ملتے ہی یہاں سے چارٹرڈ فلائیٹ کو حتمی شکل دی جائے گی اور ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان اگلے دو روز میں کردیا جائےگا۔

مزید خبریں :