Time 30 مئی ، 2021
پاکستان

جہانگیر ترین گروپ کے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان گرفتاری دینے تھانے پہنچ گئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان گرفتاری دینے تھانا ریس کورس لاہور پہنچ گئے۔

رکن پنجاب اسمبلی نذیرچوہان ریلی کے ہمراہ تھانہ ریس کورس پہنچے اور گرفتار کرنے کی پیشکش کی جس پر انچارج انویسٹی گیشن  نے گرفتار کرنے سے انکار کردیا۔

 انچارج انویسٹی گیشن کا کہنا تھاکہ گرفتاری کیلئے  پہلے اسپیکر سے اجازت لیں گے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ شہزاد اکبر کے خلاف جو الفاظ بولے ان پر آج بھی قائم ہوں، انہوں نے ابھی تک جواب نہیں دیا۔

نذیر چوہان کا کہنا  تھاکہ میرے پاس شہزاد اکبر کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ اپنے آس پاس بیٹھے چاپلوسوں کو پہچانیں، شہزاد اکبر کو فوری عہدے سے ہٹائیں۔

نذیر چوہان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کا حصہ ہوں اور رہوں گا جبکہ خامیوں کی نشان دہی کرتا رہوں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاداکبر کی درخواست پرنذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :