31 مئی ، 2021
فیصل آباد، سرگودھا اور گوجرانوالا سمیت پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث فیڈر ٹرپ کرگئے اورکئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
فیصل آباد شہر اور گردونواح میں آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
سرگودھا میں تیز گرد آلود آندھی اور موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، گوجرانوالا،جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
گوجرہ، کمالیہ اور شکرگڑھ میں بھی تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، ساتھ ساتھ بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔
حافظ آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔
مری اور نتھیا گلی میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد، نکیال اور کوٹلی میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔