ملالہ کے شادی سے متعلق بیان پر متھیرا کا ردعمل بھی سامنے آگیا

فوٹو: فائل

پاکستانی اداکارہ و میزبان متھیرا بھی نوبیل امن انعام یافتہ پاکستانی طالبہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کے شادی سے متعلق بیان کے خلاف سامنے آگئی ہیں۔

 خیال رہےکہ ملالہ یوسف زئی کا برطانوی فیشن میگزین 'ووگ' کو دیا گیا انٹرویو متنازع ہوگیا ہے جس میں ان کے شادی سے متعلق بیان پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور پاکستان میں یہ معاملہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

انٹرویو کے دوران ملالہ کا کہنا تھا کہ' مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی؟‘

اس بیان پر متھیرا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری پر ردعمل دیا اور کہا کہ میرا ووٹ نکاح کے لیے ہے۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ 'مجھے 'ووگ' میگزین کے سرورق پر ملالہ کی تصویر پسند آئی، سا موقع پر متھیرا نے ملالہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ 'برائے مہربانی ہمیں نئی نسل کو شادی کی ترغیب کےساتھ یہ بتانا ہے کہ نکاح کرنا سنت ہے، یہ صرف کاغذات پر دستخط کرنا نہیں اور  آپ کوئی پلاٹ نہیں خرید رہے، بلکہ یہ درست طریقے سے  نئی اور خوشگوار زندگی کے آغاز کا راستہ ہے'۔

اسکرین گریب،متھیرا انسٹاگرام اسٹوری

متھیرا نے یہ بھی کہا کہ ' زبردستی کی شادی،تشدد اورکم عمری کی شادی غلط ہے لیکن اللہ کی رحمت کے سائے میں نکاح خوبصورت اور خوشگوار ہے، اس لیے  آپ کو لگتا ہے کہ کسی کو اپنی زندگی میں 'پارٹنر' بنانا  ہے تو اس کے لیے حلال طریقہ اختیار کریں'۔

 متھیرا کا کہنا تھا کہ' اس سے کوئی فرق نہیں  پڑتا کہ میں کتنی ماڈرن ہوں لیکن میں ہمیشہ اپنے بچوں کو نکاح کی ترغیب دوں گی اور انہیں سکھاؤں گی کہ شادی کا بندھن ہی درست ہے اور  یہ اچھی بات ہے،ہاں بعض اوقات شادی میں مشکلات آتی ہیں لیکن کوئی بات نہیں اللہ آپ کے لیے کسی خاص کو بھیج دیتا ہے'۔

اسکرین گریب،متھیرا انسٹاگرام اسٹوری

متھیرا نے مزید کہا کہ' میں طلاق یافتہ ہوں لیکن  اب بھی شادی پر یقین رکھتی ہوں اور شاید اگر مجھے صحیح شخص ملے تو میں دوبارہ شادی کرلوں،لہٰذا  مجھے یہ بتانا بند کریں کہ میں طلاق یافتہ ہوں، کیا ہوا اگر میری شادی کامیاب نہیں ہوئی، اکیلے رہ کر خوش رہنا بہتر ہے، بجائے اس کےکہ آپ ایک ناخوشگوار رشتے میں پریشان اور دکھی رہیں'۔

دوسری جانب ملالہ کے والد ضیاالدین یوسف زئی نے بیان کی تردیدکرتے ہوئےکہا ہے کہ میڈیا اور سوشل میڈیا نے انٹرویو کے اقتباس کو سیاق و سباق سے نکال کر اور تبدیل کرکے اپنی تاویلات کے ساتھ شیئرکیا ہے۔

مزید خبریں :