دنیا
Time 03 جون ، 2021

انڈونیشین حکومت کا اس سال بھی اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنےکا فیصلہ

فوٹو: فائل

آبادی کے لحاظ سے  مسلم دنیا کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا کی حکومت نےکورونا وائرس کے باعث اس بار بھی  اپنے شہریوں کو حج کے لیے سعودی عرب نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وبا کے خدشات کے پیش نظر مسلسل دوسرے سال انڈونیشیا سے مسلمان حج کے لیے نہیں جاسکیں گے۔

یاد رہےکہ گذشتہ سال بھی انڈونیشیا نے کورونا وائرس کے باعث اپنے شہریوں کو  حج کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں دی تھی۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا آبادی کے لحاظ سے مسلم دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اور معمول کے دنوں میں حج کے لیے انڈونیشیا کا کوٹہ بھی سب سے زیادہ ہوتا ہے۔

انڈونیشیا کے وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا سمیت کسی بھی ملک کو ابھی تک حج کا کوٹہ نہیں ملا ہے  اور اس حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب سعودی  وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہےکہ  سعودی عرب رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کا ارادہ رکھتا ہے تاہم  انڈونیشیا نے یہ فیصلہ کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے کیا ہے۔

مزید خبریں :