پاکستان
07 اکتوبر ، 2012

امن مارچ ٹانک میں گرہ فتح سے نکل کرجنڈولہ کی جانب رواں دواں

 امن مارچ ٹانک میں گرہ فتح سے نکل کرجنڈولہ کی جانب رواں دواں

ٹانک…ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا امن مارچ ٹانک سے جنوبی وزیرستان کی جانب روانہ ہوگیا ہے،ٹانک میں امن مارچ کا اگلا حصہ فتح گرہ سے آگے کوڑقلعہ تک پہنچ چکا ہے ،جہاں سے وہ جنڈولہ کی جانب رواں دواں ہے، کوڑقلعہ پرسیکیورٹی فورسز نے امن مارچ کوآگے جانے سے روک دیا اورشرکا سے مذاکرات کئے،جس کے بعد مارچ کے شرکاآگئے روانہ ہوگئے۔اِس سے قبل مارچ کے شرکا مانجھی خیل چیک پوسٹ سے رکاوٹیں ہٹاتا ہوا ٹانک پہنچا۔ وزیرستان امن مارچ گزشتہ روز عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد سے چلا تھا جو میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ہوتا ہوا گذشتہ روز ہتھالہ کیمپ پہنچا اور آج صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے وزیرستان کے لئے روانہ ہوا۔ اس وقت امن مارچ کی قیادت عمران خان، شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، خورشید محمود قصوری،جہانگیر ترین اور شفقت محمود کر رہے ہیں۔ امن مارچ میں امریکا سے آئے ہوئے لوگوں کا گروپ بھی موجود ہے۔ اس سے قبل امن مارچ کو ضلع ٹانک میں دربار عالیہ میاں محرم سلطان کے مقام پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے روکا گیا، تاہم شرکاء رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔ مارچ کو وزیرستان میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے دوسری بڑی رکاوٹ مانجھی خیل چیک پوسٹ پر لگائی گئی جہاں بڑے بڑے کنٹینرز رکھے گئے تاہم تحریک انصاف کے نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات جاری تھے کہ امن مارچ کے شرکاء نے رکاوٹوں کے طور پر کھڑے کئے گئے کنٹینرز ہٹا دیئے اور ٹانک کی جانب رواں دواں ہو گئے، جہاں اب سے تھوڑی دیر پہلے قافلے کے شرکاء ٹانک شہر پہنچ گئے ہیں جہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ٹانک آمد پر شرکاء کا مقامی افراد نے استقبال کیا۔ مقامی انتظامیہ کا اصرارتھا کہ ریلی کو ٹانک سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا جبکہ چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ کوٹ کئی تک جانا چاہتے ہیں۔تاہم آخری اطلاعات آنے تک امن مارچ ٹانک سے جنڈولہ کی جانب چل پڑا ہے۔

مزید خبریں :