Time 05 جون ، 2021
پاکستان

ن لیگ کا کورونا ریلیف پیکج پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ

اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کے بعدمسلم لیگ (ن) نے بھی کورونا ریلیف پیکج میں بے ضابطگیوں پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ منظر عام پر لانےکا مطالبہ کردیا۔

اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ 1200 ارب کی خطیر رقم پر آڈٹ رپورٹ پبلک ہونے سے روکی جا رہی ہے، پہلے دوائیوں کے 500 ارب کھا گئے اور اب کرونا کا ریلیف پیکج کھا گئے، کیا لوگ ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ریلیف پیکج کے خرچ میں سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی خود آڈیٹر جنرل نے کی ہے، 1200 ارب کے کورونا ریلیف پیکج کے علاوہ آئی ایم ایف سے 1.386 ارب ڈالر کورونا کیلئے آئے جبکہ ورلڈ بینک کے 153 ملین، ایشیائی بینک کے 300 ملین ڈالرز اور یورپی یونین کے 150ملین یوروزکا حساب ابھی رہتا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ 1200 ارب روپے کا معاملہ ایک اور رنگ روڈ اسکینڈل دکھائی دیتا ہے، رقم موجود ہونےکے باوجود حکومت نے ویکسین کی بروقت بکنگ میں کیوں مجرمانہ غفلت برتی؟ 

انہوں نے کہا کہ بروقت ویکسین منگوالی جاتی تو ہزاروں پاکستانیوں کی زندگیاں بچائی جاسکتی تھیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی کورونا ریلیف پیکج میں بے ضابطگیوں پر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ منظر عام پر لانےکا مطالبہ کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :