Geo News
Geo News

Time 06 جون ، 2021
پاکستان

کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود سندھ میں پابندیوں میں نرمی پر طبی ماہرین حیران

وزیر صحت سندھ کی تنبیہ اور کورونا شرح بڑھنے کے باوجود سندھ میں پابندیوں میں نرمی پر طبی ماہرین حیران ہیں۔

صوبہ سندھ میں کورونا پابندیوں میں نرمی کردی گئی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق پیر سے دکانیں رات 8 بجے تک کھولی جاسکیں گی۔

اس کے علاوہ آؤٹ ڈور ڈائنگ کو رات 12 بجے تک کھولنےکی اجازت ہوگی جبکہ میٹرک سے جامعات تک کے طلبہ کی کلاسز بھی پیر سے شروع کی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر صحت سندھ کی تنبیہ اور کورونا شرح بڑھنے کے باوجود سندھ میں پابندیوں میں نرمی پر طبی ماہرین حیران ہیں۔

کراچی میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح 11فیصد اورحیدرآباد میں 5فیصد ریکارڈ کی گئی۔

سندھ میں کورونا پابندیوں میں نرمی پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد  کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد اور پنجاب حکومت نے بہت بہتر کام کیا اور اس کے نتائج سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا معاملے پرجب تک یکساں پالیسی نہیں بنے گی، صورتحال ٹھیک نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا پڑے گا، کراچی میں برطانیہ اوربھارت کی کورونا قسم کے کیسز بھی آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 5 سے 6 لاکھ لوگ اگرروزانہ ویکسی نیشن کرائیں گے تو ہدف پورا کر پائیں گے، ویکسی نیشن بہت اہم معاملہ ہے، ہر شخص کو ویکسی نیشن کرانا پڑےگی۔