06 جون ، 2021
گذشتہ ماہ اولمپک کوالیفائر کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے پاکستانی گھڑ سوار عثمان خان کا کہنا ہے کہ سر پر چوٹیں لگنے کے بعد سے اب تک مختلف اثرات سے گزر رہا ہوں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں عثمان خان نے بتایا کہ حادثے کے بعد سے اب تک چھڑی کے ساتھ چلتا ہوں اور زیادہ بولنے کی اجازت نہیں ہے، مجھے ابھی کنکشن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے کمرے میں بھی سن گلاسز کا استعمال کرنا پڑتا ہے، صرف ضروری بات کرنے کی اجازت ہے، ڈاکٹرز نے کم بولنے کی ہدایت کی ہے تاکہ دماغ پر زور نہ پڑے۔
عثمان خان نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ آرام کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور جلد ہی آسٹریلیا کی میڈیکل ٹیم کے ساتھ ری ہیب کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عثمان خان آسٹریلیا میں اولمپک کوالیفائر کے دوران خوفناک حادثے کا شکار ہو ئے تھے اور اس حادثے میں عثمان خان کےسر پر اور پسلیوں میں شدید چوٹیں آئیں تھیں۔
اس حادثے میں ان کا گھوڑا کشیر ہلاک ہو گیا تھا۔