Geo News
Geo News

Time 07 جون ، 2021
پاکستان

ڈہرکی ٹرین حادثے پر سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کا ردعمل سامنے آگیا

سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت کو آئے تین سال ہوگئے ، دھیلے کاکام نہیں کیا، ریلوے کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا۔

ن لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ الزام عائد کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی بتائیں، اگر ہمت ہے تو بتائیں ہمارے دور کا ترقیاتی بجٹ کیا تھا اور آپ نے ریلوے کو کیا دیا؟

انہوں نے کہا کہ  ٹرینوں پرسفر کرنے والوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، اگر ریلوے کو فنڈز جاری نہ کیے تو آئندہ بھی مسافروں کی حفاظت پرسمجھوتہ کرنا پڑے گا۔

سعد رفیق نے کہا کہ رائل پام ہم نے لے کر دیا تمام لڑائیاں ہم نے لڑیں، ہم گیارہ نئے ریلوے اسٹیشن بنا کر گئے تھے ، انھوں نے ٹریک کی دیکھ بھال کے لیے فنڈز ہی نہیں دیے۔

سعد رفیق نے کہا کہ  آپ کے لوکو موٹو رل رہے ہیں، مجھے دنیا کی وہ مشین بتائیں جو مینٹیننس کے بغیر چلتی ہے، اس حادثہ کی بنیادی وجہ ٹریک کی مینٹیننس نہ ہونا ہے، اپنے کرتوتوں کا جائزہ لیں آپ نے ریلوے کو تباہ کردیا ہے،جو پیسے ملتے ہیں وہ کہاں جاتے ہیں، اب رسدیں آپ نے نکالنی ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ وزیرداخلہ ملک کا سب سے جھوٹا شخص ہے،مسائل کا واحد حل ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل ہے، ریلوے مسافر خوار ہورہے ہیں،کیا یہ کورونا کی وجہ سے ہے؟ ریلوے کے پہلے وزیر کو مخالفین کو گالیاں دینے کے سوا کوئی کام نہیں تھا۔

سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے دور میں ہرحادثے پر استعفے کا مطالبہ کرتے تھے اب کان آنکھ منہ بند کرکے بیٹھے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈہرکی ٹرین حادثے میں وزیر ریلوے اعظم سواتی سے استعفے کے مطالبے کو بے تکا قرار دیا ہے۔

انہوں نے سابق وزیر ریلوے کا نام لے کر کہا کہ سعد رفیق کے گناہ پر اعظم سواتی استعفیٰ دے دیں یہ بے تکی بات ہے، پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، یہ لوگ اتنے سال حکمران رہے، کیا کرتے رہے۔

دوسری جانب ڈی ایس ریلوے سکھر کے ہیڈ کوارٹر کو لکھے گئے خط کا جواب سامنےآگیا ہے۔

چیف انجینیئرریلوے کے 4 جون کے مراسلے میں ڈی ایس ریلوے سکھر سے کہا گیا ہے کہ آپ کو ٹریک کی مرمت کیلئےتمام وسائل فراہم کر دیے ہیں ،اب تک مرمت کا کام شروع کیوں نہیں کیا؟آپ ہیڈ کوارٹرز کو مرمتی کام سے متعلق آگاہ کیوں نہیں کر رہے؟آپ کی اس نااہلی سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔