07 جون ، 2021
پاکستان سپر لیگ 6 (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کا کہنا ہےکہ ان کا ہدف یہی ہےکہ وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بنیں، اس کے لیے انہوں نے بہت محنت کی ہے ۔
شاہنواز دھانی نے گزشتہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس سیزن میں سب کی توجہ اپنی طرف مرکوز کرائی جس کے بعد انہوں نے کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے ابتدائی میچزمیں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
انہوں نے اپنی بولنگ سے سب کو متاثر کیا اور پھر سلیکٹرز نے انہیں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا انہوں نے زمبابوے کا دورہ کیا لیکن انہیں موقع نہ مل سکا ۔
اب انہیں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں رکھا گیا ہے ویسٹ انڈیز میں پاکستان نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔
شاہنوازدھانی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل کا ٹاپ بولر بننے کا ٹارگٹ ہے ، پی ایس ایل جہاں چھوڑی تھی وہیں سے شروع کروں گا اور اس کے لیے بہت محنت کی ہے ۔
شاہنواز دھانی نے کہا کہ ملتان سلطانز کے لیے پہلے بھی بہت محنت کی تھی اب بھی یہی کوشش ہو گی کہ ملتان سلطانز کے لیے اچھے سے اچھا پرفارم کروں، ابو ظہبی میں کنڈیشنز تھوڑی مختلف ہیں ، ان سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہا ہوں اور کنڈیشنز کے مطابق ہی بولنگ کروں گا۔
نوجوان فاسٹ بولر نےکہا کہ موسم بہت گرم ہے ، حبس بھی زیادہ ہے لیکن ہم پروفیشنل ایتھلیٹس ہیں ، موسم خواہ کیسا ہی کیوں نہ ہو ہم نے کھیلنا ہے یہ مشکل کام نہیں ہے۔
شاہنواز دھانی نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھی میرا نام آیا ہے ، زمبابوے میں بھی ٹیم کے ساتھ تھا وہاں بہت سیکھنے کا موقع ملا اب بھی ٹیم کے ساتھ سیکھنے کا موقع ملے گا ، ابھی مجھے بہت کچھ سیکھنا ہے اور یہ موقع مجھے ملتان سلطانز کے ساتھ رہ کر بھی ملےگا ۔
شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولرز میں بہت مقابلہ ہے لیکن اس سے فرق نہیں پڑتا ہر کوئی محنت کرتا ہے اور جگہ بنانے کے لیے سخت محنت جاری رکھنا پڑتی ہے۔