گلوکار علی سیٹھی ملالہ کے بیان پر تنقید کرنے والوں پر برس پڑے

گزشتہ دنوں ملالہ یوسفزئی کے برطانوی فیشن میگزین 'ووگ' کو دیے گئے انٹرویو پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا— فوٹو:فائل 

گلوکار علی سیٹھی نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق بیان پر تنقید کرنے والوں پر برس پڑے۔

گزشتہ دنوں ملالہ یوسفزئی کے برطانوی فیشن میگزین 'ووگ' کو دیے گئے انٹرویو پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ 

انٹرویو کے دوران ملالہ نے کہا کہ' مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں؟ اگر آپ کسی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو شادی کے کاغذات پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ایک پارٹنرشپ کیوں نہیں ہو سکتی؟‘

اس انٹرویو کے بعد ملالہ کو تنقید کا سامنا ہے تاہم بعض شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے ملالہ کے بیان کی حمایت کی ہے۔

گلوکار علی سیٹھی نے بھی ملالہ پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیا ہے۔

انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں علی سیٹھی کا کہنا تھاکہ اگر آپ ایک نوجوان لڑکی کے شادی کی افادیت کے حوالے سے مبینہ بیان پر چراغ پا ہیں اور غصے میں منہ سے جھاگ نکال رہے ہیں (کیونکہ آپ کو لگتا ہے دنیا ختم ہوجائے گی) تو جان لیں کہ میرے خیالات اور عقائد اس سے بھی زیادہ برے ہیں۔

انہوں نے آخر میں لکھا کہ مجھے بھی ان فالو کریں اور اِدھر کبھی واپس نہ آئیں۔

مزید خبریں :