دنیا
Time 08 جون ، 2021

آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبا نے ملکہ برطانیہ کی تصویر ہٹانےکے حق میں ووٹ دیدیا

فوٹو: فائل

برطانیہ کی معروف درسگاہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبا نےکامن روم سے ملکہ برطانیہ کی تصویر ہٹانے کے حق میں ووٹ دے دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے میگڈالن کالج میں گریجویشن کے طلبا کے کامن روم کی دیوار پر لگی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کی جوانی کی تصویر ہٹانے کے معاملے پر ووٹنگ ہوئی جس میں طلبا کی اکثریت نے اسے ہٹانے کے حق میں ووٹ دے دیا۔

ملکہ برطانیہ کی تصویر ہٹانے کے حامی طلبا کا موقف ہےکہ ملکہ کی تصویر نوآبادیاتی دور کی یادگارہے جو کہ یہاں پڑھنے والے کئی طلبا کے لیے ناپسندیدہ ہوسکتی ہے۔

ایک طالب کا یہاں تک کہنا تھا کہ وطن پرستی اور استعماریت میں کوئی خاص فرق نہیں ہے۔

دوسری جانب بعض طلبا کا کہنا تھا کہ ملکہ کی تصویر برطانیہ کی ثقافت کی نمائندگی کرتی ہے جس کا سب کو احترام کرنا چاہیے۔

طلبا کی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکہ کی تصویر کی جگہ کوئی شاہکار تصویریا کسی متاثر کن شخصیت کی تصویر لگائی جائے گی جب کہ آئندہ سے کسی شاہی خاندان کے فرد کی تصویر لگانے سے قبل ووٹنگ کی جائے گی۔

مزید خبریں :