09 جون ، 2021
برطانوی شہزادہ ہیری کی نومولود بیٹی کے نام میں ملکہ الزبتھ کی عرفیت شامل کرنے پر تنازع ہوگیا۔
برطانوی شاہی خاندان میں نئی شہزادی کا اضافہ ہوا ہے اور شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ہاں گزشتہ دنوں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
بیٹی کی پیدائش کے اعلامیے میں ہی نام کا بھی اعلان کیا گیا اور نئی مہمان کا نام ’للی بیٹ ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر ’ رکھا گیا۔
اس نام میں ‘للی بیٹ’ ملکہ برطانیہ کی خاندانی عرفیت ہے اور انہیں شاہی خاندان میں اسی نام سے پکارا جاتا ہے۔
تاہم اب شہزادہ ہیری کی بیٹی کے نام پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے اور برطانوی نشریاتی ادارے نے بکنگھم پیلس کے ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے بیٹی کے نام میں ملکہ الزبتھ کی خاندانی عرفیت ‘للی بیٹ’ شامل کرنے پر ان سے مشورہ نہیں کیا۔
تاہم اس دعوے کی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے سختی سے تردید کی ہے اور نشریاتی ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
خیال رہے کہ شہزادہ ہیری شاہی ذمہ داریاں چھوڑ چکے ہیں اور ہلیہ میگھن مارکل کے ساتھ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں مقیم ہیں۔