10 جون ، 2021
مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11 ویں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔
آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن کے مطابق آزادکشمیرکے 33، مہاجرین جموں کشمیرکے 12 حلقوں میں انتخابات ہوں گے اور اس الیکشن میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیاگیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں 28 لاکھ17 ہزار 90 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 747 ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ 21 جون تک کاغذات نامزدگی داخل کرائے جا سکیں گے اور 22 جون تک کاغذات کی جانچ کی جائے گی جب کہ اسی روز فہرست جاری ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 28 اور 29 جون تک اعتراضات داخل کرائے جاسکیں گے اور 30 جون تک اپیلیں کی جاسکیں گی جب کہ 2 جولائی تک کاغذات نامزدگی کی واپسی ہوگی۔