10 جون ، 2021
ماڈل اور اداکارہ ایمان علی خود کو خواجہ سرا سے تشبیہ دینے پر تنقید کا شکار ہوگئیں۔
حال ہی میں ایمان علی نے ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ’مجھے اپنا آپ بالکل پسند نہیں، اپنے چہرے کے خدوخال اچھے نہیں لگتے، لوگ مجھے کہتے ہیں کہ آپ بہت خوبصورت ہیں لیکن جب میں شیشے کے سامنے جاتی ہوں تو سوچتی ہوں یہ جھوٹ بول رہے تھے ۔
اداکارہ نے دوران شو خود کو خواجہ سرا سے تشبیہ بھی دی۔
بعد ازاں اداکارہ اپنے بیان پر تنقید کا شکار ہوگئیں اور ایمان علی کے بیان پر پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ماڈل کامی سد نے اداکارہ کی شو میں لی گئی تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے ایک اسٹوری شیئر کی۔
کامی سد نے اسٹوری میں کہا کہ کھسرا، ہیجڑا اور خواجہ سرا ہونا کوئی برائی نہیں ہے، ہم سب اللہ کی تخلیق ہیں اور ہم کیسے اس کے خلاف جاسکتے ہیں۔
کامی سد نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ جس طرح آپ بحیثیت خاتون ایک نارمل زندگی گزارتی ہیں، کھسرے بھی ایسے ہی گزارتے ہیں،مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ اس لفظ کو تحقیر آمیز کیوں لیتے ہیں، خدا کے لیے ہمیں خواجہ سرا برادری کے لیے اپنے نظریات اور نقطہ نظر کو تبدیل کرنا ہوگا۔