11 جون ، 2021
وفاقی حکومت کے آئندہ مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں تین منٹ سے لمبی موبائل فون کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ تین منٹ سے لمبی موبائل فون کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال اور ایس ایم ایس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کی جائے گی۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ موبائل فونز پر موجودہ ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح ساڑھے 12 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کیا جائے گا۔
وفاقی بجٹ میں اِن تجاویز کے بعد موبائل فون سستے اور فون کالز مہنگی ہوجائیں گی۔
وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھاکہ حکومت نے ای کامرس کو سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
بجٹ میں آئی ٹی زون کیلئے پلانٹ، مشینری ، سازو سامان اور خام مال پر ٹیکس چھوٹ کی تجویز دی گئی ہے ۔
شوکت ترین نے کہا کہ موبائل سروسز پر ودہولڈنگ ٹیکس 8 فیصد تک بتدریج کم کیا جائے گا۔