13 جون ، 2021
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہم خیال، جنوبی پنجاب محاذ اور جہانگیر ترین گروپ نے مطالبات منظور ہونے کے بعد بجٹ کی منظوری میں پنجاب حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی بجٹ کی منظوری کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اپنے ارکان اسمبلی سے رابطے کیے اور وہ پارٹی کے اندر مختلف دھڑوں کو منانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ہم خیال، جنوبی پنجاب محاذ اور ترین گروپ نے بجٹ پر حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ہم خیال، جنوبی پنجاب محاذ اورترین گروپ کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں جبکہ پارٹی کے اندر تینوں گروپ سے ترقیاتی اسکیموں سمیت دیگر وعدے پورے کردیےگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ترین گروپ نے بھی اعلیٰ سطح کی مشاورت کے بعد بجٹ کی منظوری میں ساتھ دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی آج وزیراعلیٰ کی جانب سے دینے جانے والے عشائیے اورپارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہونے کا اعلان کیا۔