14 جون ، 2021
کراچی: سپریم کورٹ نے اورنگی اور گجر نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریش جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں گجر نالہ اور اورنگی نالے پر قائم تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں متاثرین کے وکیل اور کمشنر کراچی سمیت دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کہ جو جگہیں لیز پز دی گئی ہیں کیا وہ قانونی ہیں؟ اس پر متاثرین کے وکیل فیصل صدیقی نے بتایا کہ جی تمام لیزیز قانونی ہیں، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ساری کی ساری لیزیز جعلی ہیں۔
عدالت نے کہا کہ یہ بات ہوئی کہ پہلے تمام لوگوں کو معاوضہ دیا جائے پھرتجاوزات ختم ہوں، معاوضے کی ادائیگی ہو مگر آپریشن نہیں رکنا چاہیے۔
متاثرین کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ متاثرین کی بحالی کی جائے مگر اس پر عمل نہیں ہوا، کے سی آر کی بحالی کا حکم دیا تھا تین سال ہوگئے بحال نہیں ہوئی، آپ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم تجاوزات کو ختم کرنے کو نہیں روک سکتے، سندھ حکومت کو متاثرین کی بحالی کا حکم دیں گےکیونکہ یہ سندھ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ اس حوالے سے لوگوں کو معاوضہ ادا کریں۔
بعد ازاں عدالت نے گجر اور اورنگی نالے پر آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا۔