Time 29 مارچ ، 2021
پاکستان

لیز مکانات گرانےکیخلاف گجر نالےکے اطراف مقیم مزید رہائشیوں نے عدالت سے رجوع کرلیا

کراچی میں تجاوزات کی آڑ میں لیز مکانات گرانےکے خلاف درخواست پر اینٹی انکروچمنٹ ٹریبونل نے سندھ حکومت،کمشنرکراچی اور محکمہ کچی آبادی و دیگر سے جواب طلب کرلیا۔

گجر نالے کے اطراف مقیم مزید 34 مکینوں نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے جس پر اینٹی انکروچمنٹ ٹریبونل نے فریقین سے 31 مارچ کو جواب طلب کیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ نے گجر نالے پر تجاوزات کی آڑ میں لیز مکانات کو مسمار کرنا شروع کردیا،لیز مکانات کو بغیر پیشگی نوٹس کے مسمارکیا جا رہا ہے، متعلقہ اداروں کو لیز گھروں کے خلاف غیر قانونی اقدام کرنے سے روکا جائے۔

عدالت نے فریقین سے استفسار کیا ہےکہ بتایا جائے لیز مکانات کو کیوں توڑا جارہا ہے؟ 

دوسری جانب گجر نالے اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، دونوں نالوں کا 5،5 کلو میٹر کا ٹریک تجاوزات سے صاف کرایا جاچکا ہے۔

سینئیر ڈائریکٹرانسداد تجاوزات بشیر صدیقی کے مطابق گجر نالہ پر گلبرگ پیالہ ہوٹل، لنڈی کوتل، لیاقت آباد میں آپریشن کیا جارہا ہے جب کہ اورنگی نالے پر چمن سنیما، جمعہ ہوٹل، زیرو پوائنٹ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ 

بشیر صدیقی کے مطابق ساڑھے 13 کلومیٹر طویل گجر نالے کا5 کلومیٹر کا ٹریک اب تک کلیئر کیا گیا ہے اور 4 ہزار 300 سے زائد پکی تعمیرات میں سے 1800 سے زائد مسمار کی جاچکی ہیں، دوسری جانب 11 کلومیٹر سے زائد طویل اورنگی نالے کا بھی 5 کلومیٹر کا ٹریک کلیئر کیا جاچکاہے۔

مزید خبریں :