سشانت سنگھ کی خودکشی کا معاملہ، سی بی آئی کا بیان سامنے آگیا

سشانت کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال کا عرصہ بیت گیا— فوٹو:فائل  

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے خودکشی کیس پر بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے بیان جاری کیا ہے۔

سشانت کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال کا عرصہ بیت گیا جبکہ اس کیس میں آنجہانی اداکار کی گرل فرینڈ ریا چکرابورتی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس کیس کی تحقیقات کے دوران منشیات کا معاملہ بھی سامنے آیا جس پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو بھی تحقیقات کررہا ہے تاہم دونوں معاملات کی تحقیقات اب تک منطقی انجام تک نہیں پہنچی ہیں۔

آنجہانی اداکار کے مداح بھی کیس کی تحقیقات کے نتائج جاننے کیلئے بیتاب ہیں اور گزشتہ دنوں بھی چند اداکار اس حوالے بیانات دے چکے ہیں۔

اب سی بی آئی نے بھی بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق سشانت سنگھ کیس کی تفتیش بند کرنے کی خبریں غلط ہیں اور اس معاملے کی تحقیقات مستقل طور پر جاری ہیں۔

خیال رہے کہ 34 سالہ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت گزشتہ برس 14 جون کو ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

مزید خبریں :