Time 15 جون ، 2021
کھیل

بسمہ خان ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

فوٹو: جیونیوز

 انٹر نیشنل سوئمر بسمہ خان ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ 

جیو نیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے بسمہ خان نے کہا مجھے یاد ہے کہ جب ساڑھے تین برس کی تھی والد اور بہن بھائیوں کے ساتھ ٹریننگ کے لیے جاتی تھی تو میں نے سوئمنگ کرنا شروع کر دی تو جیو نیوز نے مجھ پر پہلی رپورٹ بنائی، میں بات کرتے ڈر گئی تھی  اور آج میں اولمپئین بننے سے قبل جیو نیوز سے گفتگو کر رہی ہوں۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اولمپکس میں جاؤں گی اب جب کہ میں ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کررہی ہوں تو جو اس وقت میرے احساسات ہیں وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔

بسمہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے سوئمنگ کا شوق بچپن سے تھا اس لیے وقت کے ساتھ ساتھ یہ شوق بڑھتا گیا، بڑی ہو ئی تو دیکھا کہ بہن کرن خان نے بہت میڈلز جیتے ہیں اور انٹر نیشنل مقابلوں میں بھی گئی ہیں تو بس یہی مقصد تھا کہ بہن کو پکڑنا ہے اور ان سے زیادہ میڈلز جیتنے ہیں۔

فوٹو: جیونیوز

انہوں نے مزید کہا کہ  کوشش کروں گی کہ بہتر سے بہتر کروں کیونکہ میں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، اپنے مقصد کو فوکس کیا ہے  اور اب بھی میرا مقصد یہی ہے کہ میں اولمپکس میں زیادہ سے زیادہ اچھا کروں۔

بسمہ خان کہتی ہیں کہ سوئمنگ کی عالمی گورننگ باڈی فینا کے ٹریننگ پروگرام میں بھیجنے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کی شکر گزار ہوں، مجھے روس میں ٹریننگ کا آنے والے ایونٹس خاص طور پر اولمپکس میں بہت فائدہ ہوگا، روس میں بھرپور ٹریننگ کا موقع ملا، کوچنگ کا معیار بہت اچھا تھا جب کہ سوئمنگ پولز میں بھی جدید سہولیات میسر تھیں۔

19 سالہ بسمہ خان اپنی فیملی کی تیسری سوئمر ہوں گی جو اولمپئین بنیں گی ان کی بڑی بہن معروف سوئمر کرن خان اور سکندر خان اولمپئینز ہیں۔

بسمہ خان ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز ساؤتھ ایشین گیمز اور اسلامک سالیڈیریٹی گیمز سمیت کئی بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں۔

وہ حال ہی میں روس سے واپس وطن پہنچی ہیں اور انہوں نے روس میں ایک برس ٹریننگ حاصل کی۔

مزید خبریں :