16 جون ، 2021
کراچی: سندھ کے محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے طلبہ کے امتحانات سے متعلق اہم اعلانات کردیے۔
صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی سربراہی میں محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں طلبہ کے امتحانات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے بھی امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات جولائی میں مقررہ تاریخوں پر ہوں گے، جولائی میں دسویں کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لیے جائیں گےجب کہ نویں تا بارہویں تک کلاسز کے پریکٹیکلز بھی لیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کےمطابق فرسٹ ائیر کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کےمطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لیے جائیں گے اور امتحانات کے 45 روز کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا جب کہ اختیاری مضامین میں فیل ہونے کی صورت میں پاسنگ مارکس دیے جائیں گے، لازمی مضامین کے مارکس اختیاری مضامین کے مارکس کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہےکہ پہلی سے آٹھویں تک کے امتحانات اسکولز میں اس سال ہوں گے اور چھوٹی کلاسوں کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان اسکولز اپنے طور پر کریں گے۔