Time 02 جون ، 2021
پاکستان

امتحانات 10 جولائی کے بعد ہوں گے، صرف اختیاری مضامین کے پیپر لیے جائیں گے، وزیرتعلیم

وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال امتحانات لازمی ہوں  گے جبکہ نویں اور دسویں کے صرف اختیاری مضامین کے پیپر لیے جائیں گے۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شفقت محمود کا کہنا تھاکہ وزرائے تعلیم کانفرنس میں جتنے فیصلے ہوئے تمام متفقہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنا کسی حکومت کیلئے آسان نہیں، تعلیمی اداروں سے متعلق سب صوبوں کی مشاورت سے فیصلے کیے جبکہ وبا کی صورت میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ آسان نہیں ہوتا۔

شفقت محمود کا کہنا تھاکہ فیصلہ کیا ہے کہ اس سال امتحانات ضرور لینے ہیں۔

وزیرتعلیم نے اعلان کیا کہ  9 ویں اور 10 ویں کا صرف اختیاری مضامین اور ریاضی میں امتحان لیا جائے گا یعنی نویں اور دسویں کے صرف چار مضامین کے امتحانات ہوں گے جبکہ  11 ویں اور 12 ویں کے صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لیے جائیں گے۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات اب 24 جون کے بجائے 10 جولائی سے ہوں جبکہ پہلے انٹر  اور پھر میٹرک کے پیپر ہوں گے۔ 

وزیرتعلیم کا کہنا تھاکہ بورڈ کو پرچوں میں وقفہ رکھنے کا بھی کہا ہے تاکہ بچوں کو تیاری کا مناسب وقت مل سکے۔

شفقت محمود نے نویں اور گیارہویں جماعتوں کیلئے بھی اسکول اور کالجز کھولنے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 10 ویں اور بارہویں جماعتوں کیلئے اسکول کھول دیے گئے تھے۔ 

مزید خبریں :