Time 16 جون ، 2021
انٹرٹینمنٹ

سشانت سنگھ کا فلیٹ کرائےکیلیے دستیاب

فوٹو: فائل

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کا فلیٹ کرائےکے لیے دوبارہ دستیاب ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹیٹ ایجنٹ نے بتایا ہےکہ ممبئی کے ساحلی علاقے باندرا میں واقعہ یہ عالیشان فلیٹ ساحل کے سامنے ہے اور  تخلیقی ذہن رکھنے والوں اور ایسے افراد جو ممبئی میں کام کے لیے آئے ہیں ان کے لیے بہترین ہے۔

اسٹیٹ ایجنٹ کا کہنا تھا کہ ابھی کورونا کی وجہ سے بہت کم لوگ فلیٹ دیکھنے آرہے ہیں تاہم جو بھی آتا ہے وہ سشانت کے بارے میں ضرور پوچھتا ہے۔

خیال رہےکہ یہ وہی فلیٹ ہے جہاں گذشتہ سال 14 جون کو  34 سالہ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت مردہ حالت میں پائے گئے تھے ۔اس فلیٹ میں سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی اور ان کے سشانت کے دوست سدھارتھ پٹانی بھی رہ چکے ہیں۔

سشانت سنگھ اس فلیٹ میں 2019 میں شفٹ ہوئے تھے اور رپورٹ کے مطابق وہ ماہانہ ساڑھے4لاکھ بھارتی روپےکرائے کی مد میں ادا کرتے تھےتاہم ان کی مبینہ خودکشی کے بعد تحقیقات کے باعث فلیٹ سِیل کردیا گیا تھا۔ 

اداکار کےگھر والوں نے ان کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ریا کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔

اس کیس کی تحقیقات کے دوران منشیات کا معاملہ بھی سامنے آیا جس پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو بھی تحقیقات کررہا ہے تاہم دونوں معاملات کی تحقیقات اب تک منطقی انجام تک نہیں پہنچی ہیں۔

سشانت کے والد کی جانب سے ریا پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے سشانت کو نشے کا عادی بنایا، محض پیسوں کیلئے سشانت سنگھ سے تعلقات قائم کیے اور ہر طرح سے سشانت کو اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا۔ بعدازاں اسی کے مجبور کرنے پر اداکار یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے۔

تاہم ریا نے ان سب الزامات کو مسترد کرکے واقعے کی شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں :