Time 16 جون ، 2021
پاکستان

عمر رسیدہ استاد کی نوجوان طالبعلم سے مبینہ زیادتی، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس مدرسے پہنچ گئی

لاہور  کے علاقے صدر میں مدرسے میں عمر رسیدہ استاد کی طالبعلم سے زیادتی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس مدرسے پہنچ گئی۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر مدرسے میں استاد کی طالبعلم سے زیادتی کی ویڈیو سوشل پر وائرل ہوئی تھی۔

ویڈیو میں جمعیت علمائے اسلام لاہور کا نائب امیر مفتی عزیز الرحمان اپنے شاگرد صابر شاہ کے ساتھ زیادتی کرتا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد طالب علم صابر شاہ نے الزام عائد کیا کہ مفتی عزیز الرحمان کے بیٹے بلیک میل کر رہے ہیں اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دے رہے ہیں، اگر انصاف نہ ملا خود کشی کر لوں گا۔

مدرسے کے مہتمم اور جے یو آئی کا مؤقف

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لاہور کے مقامی مدرسے کے مہتمم اسد اللہ فاروق کا کہنا تھاکہ  مفتی عزیز الرحمان کو مدرسے سے فارغ کردیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مفتی عزیز الرحمان اور ان کے بیٹے کو مدرسے سے چلے جانے کا کہہ دیا ہے اور ادارہ ان کے کسی قول و فعل کا ذمہ دار نہیں۔

وہیں جے یو آئی لاہور کے سیکرٹری جنرل نے بھی ایک نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو کے بعد جے یو آئی نے بھی مفتی عزیز کی رکنیت معطل کر دی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک ان کو سبکدوش کر دیا ہے۔

طالبعلم کو میرے خلاف استعمال کیا گیا، مفتی عزیز الرحمان

مدرسے  کے طالبعلم سے مبینہ زیادتی کے ملزم مفتی عزیز الرحمان کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ویڈیو ڈھائی تین سال پرانی ہے اور طالبعلم صابر شاہ کو میرے خلاف استعمال کیا گیا ہے۔

مفتی عزیز الرحمان کا کہنا تھاکہ حلفیہ کہتا ہوں میں نے ہوش و حواس میں ایسا کوئی فعل نہیں کیا، مجھے نشہ آور چیز پلائی گئی، میں ہوش و حواس میں نہیں تھا۔

مفتی عزیز  نے دعویٰ کیا ہے کہ کیس کا مرکزی کردار صابر شاہ فرار ہے۔

پولیس کا اپنی مدعیت میں کارروائی کا اعلان

دوسری جانب ویڈیو وائرل ہونے پر مقامی پولیس مدرسے پہنچ گئی  اور تحقیقات شروع کردیں۔ 

واقعے کے ملزم مفتی عزیز الرحمان اور صابر پولیس کے ہاتھ نہ آسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طالبعلم  صابر شاہ تاحال غائب ہے، اگر صابر شاہ نے مقدمہ درج نہ کرایا تو پولیس اپنی مدعیت میں  کارروائی کرے  گی۔

مزید خبریں :