Time 17 جون ، 2021
کھیل

سرفراز احمد اور شاہین آفریدی کے درمیان ’آل از ویل‘ ہوگیا

دونوں نے اپنے اپنے پیغامات میں ایک دوسرے کے لیے نیک جذبات اور نیک خواہشات کا اظہار کیا— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر صلح کرلی۔

دونوں نے اپنے اپنے پیغامات میں ایک دوسرے کے لیے نیک جذبات اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے پہلے سرفراز احمد کو باؤنسر کیا ،گیند ہیلمٹ پر لگی، سرفراز احمد نے ہاتھ کے اشارے سے شاہین آفریدی کو ٹھنڈا رہنے کے لیے کہا جس پر شاہین آفریدی اور سرفراز احمد میں جملوں کا تبادلہ ہوا۔

کمنٹری کے دوران رمیز راجا نے کہا کہ سرفراز احمد ، شاہین کو کہہ رہے ہیں کے باؤنسر نہ کریں۔

سرفراز نے ایسا کہا یا کچھ اور اس کا جواب تو سرفراز یا شاہین ہی دے سکتے ہیٕں لیکن سوشل میڈیا پر اس جھگڑے کو لے کر بحث شروع ہوگئی ہے۔

اس میچ میں کوئٹہ نے لاہور کو 18 رنز سے شکست دی تھی۔

پہلے شاہین آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’سیفی بھائی ہم سب کیلئے باعث فخر ہیں، وہ میرے لیے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے، اس دن میچ میں جو بھی ہوا وہ اس وقت کے گرم ماحول کی وجہ سے ہوا، مجھے ان کی تعظیم میں خاموش رہنا چاہیے تھا، میں نے ہمیشہ اپنے سینیئرز کا احترام کیا ہے اور میری نیک تمنائیں سرفراز احمد بھائی کیلئے ہیں‘۔

شاہین آفریدی کی ٹوئٹ پر سرفراز احمد نے بھی جواب دیا اور لکھا کہ ’سب کچھ اچھا ہے برادر، جو کچھ میدان میں ہوا وہ میدان میں ہی رہنا چاہیے، تم بھی پاکستان کے اسٹار ہو، اللہ تمہیں مزید کامیابیاں عطا کرے، تم میرے لیے چھوٹے بھائی کی طرح ہو، آل از ویل‘۔


مزید خبریں :