Time 18 جون ، 2021
پاکستان

بلوچستان کے بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن کا احتجاج، اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن کے احتجاج کے باعث  صوبائی اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا۔

بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے چاروں دروازے تالے لگا کر بند کردیے تھے۔

پولیس حکام نے ایم پی اے ہاسٹل کےقریب اسمبلی گیٹ کھلوانے کی کوشش کی جس پر اپوزیشن ارکان اور پولیس حکام میں تلخ کلامی ہوئی۔

اس دوران پولیس کی بکتر بند گاڑی نے ٹکر مارکر اسمبلی کا گیٹ توڑ دیا جس کے زد میں آکر ارکان اسمبلی بابورحیم اور عبدالواحد صدیقی زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آگئے اور ہاتھاپائی ہوئی جبکہ پولیس نے اپوزیشن ارکان کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی۔

ہنگامہ آرائی میں کئی اپوزیشن ارکان زخمی ہوگئے جبکہ اسمبلی میں رکھے کئی گملے اور شیشے ٹوٹ گئے۔

اس دوران وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو صوبائی وزرا اسمبلی کے اندر لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔

اس سے قبل قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندرکا کہنا تھا کہ آج ہم بلوچستان اسمبلی کے چوکیدار ہیں، کسی کو اسمبلی کے اندر جانے نہیں دیں گے اور حکومت بجٹ پیش کرکے دکھائے۔

اُدھر بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہا۔ بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج سہ پہر 4 بجے طلب کیاگیا تھا۔

مزید خبریں :