19 جون ، 2021
حال ہی میں اداکار بلال قریشی اور اداکارہ عروسہ بلال کے گھر دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام انہوں نے 'رومان' رکھا ہے۔
اداکار نے انسٹاگرام پر چھوٹے بیٹے کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جس پر مداحوں اور شوبز شخصیات نے بڑی تعداد میں انہیں مبارکباد دی۔
پوسٹ پر ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ میرا بیٹا نہیں ہے، دو بیٹیاں ہیں، دعا کریں اللہ مجھے بھی بیٹا عطا کرے۔
نظام الدین نامی صارف کا کمنٹ اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بنا جب بلال قریشی نے انہیں جواب دیا اور اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ انہیں بیٹی چاہیے۔
اداکار نے جواب میں صارف کے ہی انداز میں لکھا کہ میری بیٹی نہیں ہے، دو بیٹے ہیں، دعا کریں اللہ مجھے بھی بیٹی عطا کرے۔
بلال قریشی کا یہ کمنٹ لوگوں کو بے حد پسند آیا اور صارفین نے اداکار کی سوچ کو بھی کافی سراہا۔