21 جون ، 2021
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان خان کاکڑ انتقال کر گئے۔
سیکرٹری اطلاعات پی کے میپ رضامحمدرضا نے عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عثمان کاکڑ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر سلیم مانڈی والا کا کہنا ہے کہ عثمان خان کاکڑ کے انتقال کی اطلاع سینیٹ کی کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ملی، عثمان کاکڑ کے انتقال پر سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل عثمان کاکڑ کوئٹہ میں اپنے گھر میں گر کر شدید زخمی ہو گئے تھے۔ عثمان کاکڑ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وہ آئی سی یو میں تھے۔