Time 22 جون ، 2021
کھیل

یونس خان اور پی سی بی میں اختلافات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان اور پی سی بی کے درمیان اختلافات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے شدید اختلافات یونس خان کی مینجمنٹ سے علیحدگی کی وجہ بنے، مختلف اختلافات کی وجہ سے یونس خان نے دورہ انگلینڈ سے قبل لاہور کے بائیو سکیور ببل میں بھی رپورٹ نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق یونس خان نے ببل میں تاخیر سے رپورٹ کرنا تھی اور اس دوران بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار اختلافات ختم کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم فریقین میں اختلافات کم نہ ہوسکے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ یونس خان کو متعدد امور پر پی سی بی انتظامیہ سے اختلافات تھے، جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے پہلے محمد یوسف کو کیمپ میں بھیجنا بھی یونس خان کو ناگوار گزرا تھا ، این ایچ پی سی کے کوچز اور ان کے طریقے پر بھی یونس خان کو تحفظات تھے جس پر چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ذاتی کوششوں سے یونس خان کو بیٹنگ کوچ کے لیے رضا مند کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں یونس خان نے انڈر 19 کا کوچ بننے سے منع کیا تھا اور تین برس قبل وہ اکیڈمی میں مناسب کمرہ نہ ملنے پر کوچنگ کورس چھوڑ کر چلے گئے تھے جب کہ  2006 میں اچانک یونس خان کپتانی سے بھی دستبردار ہو گئے تھے،   اپنے پلیئنگ ڈیز میں بھی یونس خان اور پی سی بی کے تعلقات ناخوشگوار رہتے تھے، یونس خان کا کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے ناقدین کے لیے حیران کن تھا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر محمد یوسف کو وقتی طور پر ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔

مزید خبریں :