22 جون ، 2021
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سینیئر وکیل مرزا اختر پر پالتو کتوں کے حملے کیخلاف کراچی بار ایسوسی ایشن نے مذمتی قرارداد منظور کرلی۔
کراچی بار ایسوسی ایشن نے سندھ حکومت سے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مالک نے پالتو کتے سڑک پر اکیلے چھوڑ دیے ہیں، سینیئر وکیل شدید زخمی ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 16 جون کو ڈیفنس میں دو پالتو کتوں نے مرزا اختر پرحملہ کیا، زخمی وکیل سڑک پر پڑے رہے، نہ تو کتوں کے مالک نے مدد کی نہ ہی کسی اور نے، ماضی میں بھی یہ کتے اسی طرح کسی اور پر بھی حملہ کرچکے ہیں۔
قرار داد میں کہا گیا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی سگ گزیدگی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب وکیل پرکتوں کے حملے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ کتے کے مالک نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔