Time 23 جون ، 2021
پاکستان

کراچی: سینیئر وکیل پر حملہ آور ہونے والے کتوں کو تحویل میں لے لیا گیا

کراچی میں پالتو کتوں کے حملے میں سینیئر وکیل کے زخمی ہونے کے مقدمے میں کتوں کے مالک نے عدالت میں بیماری کی رپورٹ جمع کراکے عبوری ضمانت میں 25 جون تک توسیع کرالی۔

گزشتہ دِنوں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پالتو کتوں کے حملے میں سینیئر وکیل مرزا اختر شدید زخمی ہوگئے تھے۔ 

کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ہوئی، اس موقع پر کراچی بار کے وکلا کی بڑی تعداد اور ملزم کے وکیل پیش ہوئے۔

کتوں کے مالک ملزم ہمایوں خان کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ اُن کے موکل کی طبیعت انتہائی خراب ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔

کراچی بار کے صدر نعیم قریشی نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزم کی میڈیکل رپورٹ جعلی ہے ،ملزم کا نام ای سی ایل میں داخل کیا جائے اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 25 جون تک ملتوی کردی جبکہ آئندہ سماعت پر ملزمان اور وکلا کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب پولیس نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کتوں کو اپنی تحویل میں لے کر محفوظ جگہ منتقل کردیا۔

مزید خبریں :