کھیل
Time 23 جون ، 2021

مکی آرتھر نے رونالڈو سے متعلق وائرل ہونے والی مزاحیہ ویڈیو شیئرکردی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے موجودہ ہیڈکوچ مکی آرتھر نے پرتگال کے اسٹار فٹبالرکرسٹیانو رونالڈو سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مزاحیہ ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کردی۔

گذشتہ دنوں کرسٹیانو رونالڈو نے پریس کانفرنس کے دوران  اپنے سامنے سے بین الاقوامی مشروب ساز کمپنی کوکا کولا کی بوتلیں ہٹا کر پانی کی بوتل رکھ کر کاربونیٹڈ ڈرنکس سے پرہیز کا پیغام دیا تھا، جس کے باعث کوکا کولا کے شیئرز کی قیمت گرنے سے کمپنی کو اربوں ڈالرز کا نقصان بھی ہوا تھا۔

رونالڈو کے اس عمل کو ان کے مداحوں نے بڑی تعداد میں سراہا تاہم ایک شخص نے اس میں بھی مزاح کا راستہ نکال لیا اور ایک ویڈیو بنائی جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

اس مزاحیہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ایک شخص اپنے کمرے میں موجود بڑی اسکرین کے قریب جاکر رونالڈو کو آواز دے کرکوکا کولا  مانگ رہا ہے، ویڈیو میں ایسا لگ رہا ہےکہ رونالڈو نے اس شخص کی آواز سن کر دونوں بوتلیں اٹھا کر اسے دے دیں، دوسری جانب وہ شخص بھی اسکرین کے پیچھے سے حقیقت میں کوکاکولا کی 2بوتلیں اٹھاتا نظر آرہا ہے۔

اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی اسے شیئر کرتے ہوئے ویڈیو بنانے والے کی تعریف کی ہے۔

مزید خبریں :