23 جون ، 2021
پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سینیئر رہنما و سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کو آبائی علاقے مسلم باغ میں ان کی رہائش گاہ کے قریب قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
عثمان کاکڑ کی نماز جنازہ میں پشتونخواہ میپ کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام، بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ ن سمیت مختلف سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔
جمعیت علمائے اسلام کے سینیئر رہنما مولانا عطاء الرحمان نے عثمان کاکڑ کی نماز جنازہ پڑھائی۔
بعدازاں عثمان کاکڑ کو مسلم باغ میں ان کی رہائش گاہ کے قریب قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔
اس سے قبل عثمان کاکڑ کی میت کو سیکڑوں گاڑیوں کے قافلے میں کوئٹہ سے مسلم باغ لے جایاگیا جبکہ اس دوران راستے میں مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں اور دیگر افراد کی بڑی تعداد موجود تھی اور وہ عثمان کاکڑ کی میت والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے۔
دوسری جانب کوئٹہ، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف علاقوں میں عثمان کاکڑ کے انتقال پر شٹرڈاؤن ہڑتال رہی اور کاروباری مراکز بند رہے۔