24 جون ، 2021
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے نوازشریف کی اپیلوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو عوام کی جیت اور تحریک انصاف کے مؤقف کی فتح قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف فیملی کو لوٹا گیا پیسہ واپس کرنا چاہیے، نوازشریف کی اپیلوں پرآج کا عدالتی فیصلہ پاکستان کے عوام کی جیت ہے، آج کا فیصلہ تحریک انصاف کے مؤقف کی بھی فتح ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جو حلف نامہ جمع کرایا وہ بھی جعلی تھا، نوازشریف مفرور ہیں، ان پرجرمانہ بھی ہوا ہےمگر وہ ادا کرنےکو تیار نہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نےکہا ہےکہ مریم نواز کے بیان سے واضح ہوگیا کہ نواز شریف چکمہ دے کر ملک سے باہرگئے، برطانیہ سے تحویل مجرمان کا معاہدہ قریب ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزاؤں کے خلاف سابق وزیراعظم نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج کردی ہیں۔
عدالت نے نواز شریف کو احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائیں برقرار رکھتے ہوئےکہا ہےکہ نواز شریف بغیر کسی مناسب وجہ کے عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں، قانون کا مفرور ہونے کی وجہ سے نواز شریف اپیل کا حق کھو بیٹھے ہیں اس لیے عدالت کے پاس نواز شریف کی اپیلیں مسترد کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
عدالت کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نواز شریف جب خود کو سرینڈر کریں یا حکام انہیں تحویل میں لیں تو وہ دوبارہ عدالت میں اپیل کرسکتے ہیں۔