Geo News
Geo News

Time 27 جون ، 2021
کھیل

انگلینڈ کے خلاف کھیل کر ورلڈکپ کی تیاری کا اچھا موقع ملےگا، مصباح الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہےکہ ورلڈ کپ کے تناظرمیں دورہ انگلینڈ اہم ہے، یونس خان کے حوالے سے وہ تبصرہ نہیں کر سکتے۔ 

انگلینڈ سے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق  کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ابھی وقت ہے کھلاڑیوں کو فارم میں آنے کا موقع ملےگا ،انگلینڈ کا ٹور ہمیشہ اہم ہوتا ہے ورلڈکپ سے قبل یہ دورہ مزید اہم ہوگیاہے،مضبوط ٹیم کے خلاف کھیل کر ہمیں تیاری کا اچھا موقع ملےگا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ امید ہے اچھی کرکٹ کھیلیں گے، انگلینڈ میں کھیل کر انجوائے کرتے ہیں، پہلے ون ڈے میچز ہیں بعد میں ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے،بولرز اور ٹاپ فور کا علم ہے ایک 2 پوزیشنوں پر ہمیں زیادہ فوکس کرنا ہے۔

یونس خان کے حوالے سے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ  یونس خان کے نہ ہونے پرزیادہ تبصرہ نہیں کروں گا، یہ معاملہ پی سی بی اور کوچزکا ہے، یونس ایک تجربےکارکرکٹر ہیں ، ان کی موجودگی سے نوجوان کھلاڑیوں کو فائدہ ہی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پر سکون ہیں کہ آج آئسولیشن ختم ہو رہی ہے اورکل ٹریننگ کریں گے، اعظم خان ٹیم کے ساتھ ہیں اس کا مطلب انہیں موقع بھی ملےگا،شاہنواز ڈاھانی ویسٹ انڈیز کے دورے کےٹیسٹ اسکواڈ میں تو شامل ہیں،شاہ نواز مستقبل ہیں ، وہ ابھی وائٹ بال ٹیم کا حصہ نہیں، ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہیں ، آگے انہیں وائٹ بال ٹیم میں بھی موقع مل سکتا ہے ۔