28 جون ، 2021
لاہور کے علاقے رائیونڈ میں مبینہ طور پر دو معصوم بچوں کو کرنٹ لگا کر مارنے والی سوتیلی ماں نے ضمانت کرالی۔
عدالت نے پولیس کو جولائی کے پہلے ہفتے تک ملزمہ کوگرفتارکرنےسے روک دیا۔
پولیس کے مطابق دونوں بچوں کو سوتیلی ماں نے غصے میں کرنٹ لگا دیا اور اپنا ایک سال کا بیٹا لے کر فرار ہو گئی تھی۔
باپ بچوں کو اسکول میں داخل کرانا چاہتا تھا لیکن سوتیلی ماں کو فکر تھی کہ گھرکا کام کاج کون کرے گا۔
2 معصوم بچوں کے قتل کا افسوسناک واقعہ رائیونڈ کے گاؤں بابلیانہ اوتارڈ میں پیش آیا۔
6 سالہ ابوذر اور 4 سالہ عمان شہزادی کی ماں کا انتقال ہوا تو باپ خرم شہزاد نے 6 ماہ بعد انیلہ سے دوسری شادی کر لی۔
پولیس کے مطابق باپ بچوں کو اسکول داخل کرانا چاہتا تھا لیکن سوتیلی ماں کو فکر تھی گھر کے کام کاج کی، تین چار دن میاں بیوی میں جھگڑا چلتا رہا، خرم گھر سے باہر گیا تو سوتیلی ماں انیلہ نے کمسن بچوں کو کرنٹ لگا کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق انیلہ کی بھی خرم کے ساتھ دوسری شادی تھی۔ اس کا پہلے شوہر سے ایک سالہ بیٹا تھا۔ سوتیلے بچوں کو قتل کرنے کے بعد انیلہ اپنے بچے کو لے کر فرار ہو گئی۔
پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر کے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔