30 جون ، 2021
قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے دوران ایوان میں تکبیر کے نعرے لگ گئے۔
اسمبلی میں تقریر کے دوران وزیراعظم عمران خان کے 'دہشت گردی کیخلاف جنگ' پر مؤقف پر اپوزیشن ڈیسک بھی بج اٹھے اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ارکان نے حمایت میں ڈیسک بجادیے۔
وزیر اعظم کی تقریرکے دوران پارلیمانی سیکرٹری شوکت علی نے نعرہ تکبیر اللہ اکبرکے نعرے لگائے۔
خیال رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب میں اعلان کیا کہ امریکا کے ساتھ امن کا حصہ تو بن سکتے ہیں جنگ کا نہیں اور ہم افغانستان میں صرف امن چاہتے ہیں یہی ہمارے مفاد میں ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکی جنگ میں شامل ہونا ہماری حماقت تھی، امریکی جنگ میں ڈیڑھ سو ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، 70 ہزار افراد شہید ہوئے، امریکی جوکہتے رہے مشرف حکومت کرتی رہی، مشرف نے کتاب میں لکھا پیسے لے کرلوگوں کوامریکیوں کے حوالے کیا۔
ڈرون حملوں سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ 30 سال سے ایک دہشت گرد برطانیہ میں بیٹھا ہوا ہے توکیا برطانیہ ڈرون حملہ کرنےکی اجازت دے گا؟ امریکا ہمارا دوست ہے اورہمارے ہی ملک میں ڈرون حملے کرتا رہا، جب یہ سب کچھ ہورہا تھا تو میں نے اس کی مخالفت کی تو مجھے طالبان خان کہا گیا۔