Time 30 جون ، 2021
پاکستان

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ڈرون حملوں میں ملوث ہونےکا بھارتی الزام مسترد کردیا

پاکستان نے بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کے بیان کو سختی سے مستردکیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ڈرون حملوں کا الزام بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مہم کی ایک اور مثال ہے۔

 زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہےکہ بھارتی سرکارکا وطیرہ ہےکہ اندرونی معاملات میں پاکستان پر الزام تراشی کے ذریعے توجہ ہٹائے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے الزام لگاتا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ حالیہ الزامات پاکستان کی بات کو ثابت کرتے ہیں کہ بھارت کسی فالس فلیگ آپریشن کے ذریعہ پاکستان کو بدنام کر سکتا ہے، بھارت میں سیاسی ناکامی چھپانے اور انتخابات جیتنے کےلیے ہمیشہ پاکستان کارڈ استعمال کیا گیا، بھارت پاکستان مخالف جھوٹے پروپیگنڈے سے باز رہے۔

مزید خبریں :