01 جولائی ، 2021
ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب کا کہنا ہے کہ 46 برس کے بعد اولمپکس کے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، خوشی ہے کہ میں اب اولمپین کہلاؤں گا۔
طلحہ طالب پاکستان کے ٹاپ ویٹ لفٹر ہیں، انہیں انویٹیشن پلیس پر ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے، وہ ویٹ لفٹنگ کی 67 کلو گرام کلاس میں مقابلہ کریں گے۔
طلحہ طالب نے کامن ویلتھ گیمز میں برانز، ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ، انٹرنیشنل سالیڈیریٹی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا اور حال ہی میں ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئین شپ میں برانز میڈل بھی جیتا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ طالب نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے، میں 45 برسوں کے بعد اولمپکس کے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں، ارشد ملک نے 1976 کے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، میں نے بہت تیاری کی ہوئی ہے، میں میڈل کے لیے فائٹ کروں گا۔
طلحہ طالب نے کہا کہ ایک سال سے جہاں ٹریننگ کر رہا ہوں وہ مناسب جگہ نہیں ہے، میں ایک اسکول میں ٹرییننگ کرتا ہوں، یہ ایک پرائیویٹ جگہ ہے، مجھے ڈیڈ لائن ملی ہوئی ہے کہ میں نے اس ماہ جگہ خالی کرنی ہے، حکومت سے التماس ہے کہ مجھے جم کے لیے جگہ فراہم کی جائے، اگر مجھے جگہ ناملی تو میرا کیرئیر ختم ہو جائے گا۔
ویٹ لفٹر نے بتایا کہ کووڈ کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جم بند تھے تو میں گھر کی دوسری منزل پر ٹریننگ کرتا رہا، ٹریننگ کے لیے میں ذاتی طور پر اپنا سامان لیکر آیا تاکہ ٹریننگ میں وقفہ نا آئے۔