Time 02 جولائی ، 2021
انٹرٹینمنٹ

’شوہر کو تین چار ماہ پہلے سے ہی جانتی ہوں: حریم شاہ

معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ ان دنوں مبینہ طور پر پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سے کیے گئے شادی کے دعوے کے بعد خبروں میں ہیں اور اس حوالے سے جیونیوز ویب سے انہوں نے خصوصی گفتگو بھی کی۔

شوہر سے متعلق مختلف شخصیات کا نام جوڑے جانے کے سوال پر حریم شاہ نے کہا کہ ’پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور صوبائی وزیر سے کی گئی شادی کے اعتراف کے بعد میں نے مداحوں سے  کچھ روز تک شوہر کی شناخت مخفی رکھنے کے لیے گزارش کی تھی لیکن اس کے باوجود سوشل میڈیا سمیت کئی میڈیا ہاؤسز نے میرا نام مختلف سیاسی شخصیات کے ساتھ جوڑ دیا، یہ تمام ویڈیوز خبریں بالکل بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہیں جو نامناسب ہیں‘۔

ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ ’فی الوقت میں نے کسی بھی شخصیت کو اپنا شوہر کہنے کے حوالے سے کوئی نام نہیں لیا، میں نے صرف شوہر کی پارٹی کے حوالے سے اعتراف کیا تھا اور کہا تھا کہ اعلانیہ بتاؤں گی کہ شوہر کا نام کیا ہے‘۔

نہ پہلے کبھی شادی ہوئی ، نہ اولاد ہوئی اور نہ کبھی طلاق ہوئی

حریم شاہ نے کہاکہ ’میری پہلی شادی اور طلاق کے حوالے سے بھی بہت کچھ میڈیا پر آچکا ہے لیکن میں اپنے تمام مداحوں کو بتانا چاہتی ہوں نہ میں اس سے پہلے شادی شدہ تھی، میری کوئی اولاد نہیں نہ ہی میری کبھی طلاق ہوئی اور نہ ہی زندگی بھر کوئی بوائے فرینڈ بنایا‘۔

ترکی کے دورے سے متعلق حریم نے بتایا کہ ’الحمداللہ شوہر کے ساتھ جلد ترکی جارہی ہوں ، یہ میرا نجی دورہ ہے چونکہ کئی پراجیکٹ پر کام کررہی ہوں لہٰذا جلد واپسی ہوگی‘۔

شادی والدین کی شرکت کے بغیر اور مسنون طریقے سے ہوئی

حریم نے انکشاف کیا کہ’شادی والدین کی شرکت  کے بغیر اور مسنون طریقے سے ہوئی، چونکہ والدین میرے میڈیا میں آنے کے خلاف تھے لہٰذا انہوں نے شادی میں بھی شرکت نہیں کی‘۔

’شادی ڈیڑھ ہفتہ قبل جمعرات کے روز ہوئی اور اگلے روز میں نے نماز جمعہ ادا کی‘

انہوں نے کہا کہ ’میں تاریخوں کے حوالے سے خاصی کمزور یادداشت کی مالک ہوں ، شادی ڈیڑھ ہفتہ قبل جمعرات کے روز ہوئی اور  اگلے روز میں نے نماز جمعہ ادا کی‘۔

فوٹوفائل
فوٹوفائل

عروسی لباس سے متعلق حریم کا کہنا تھا کہ ’میں شادی کے روز روایتی دلہن نہیں بنی تھی اور نہ ہی میں  نے شادی کی کوئی تصویر اب تک سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، نہ ہی کسی برائیڈل شوٹ کا تعلق میری شادی سے ہے‘۔

 روبینہ شیر علی کو دکھانا چاہتی تھی کہ کوئی بھی چیز انسان کی پہنچ سے بہت دور نہیں ہوتی

ٹک ٹاکر نے مزید کہا کہ ’روبینہ شیر علی نے کہا تھا کہ حریم شاہ کون ہے؟ جو وزیراعلیٰ ہاؤس میں دندناتی پھرتی ہے؟  روبینہ شیر علی کو دکھانا چاہتی تھی کہ کوئی بھی چیز انسان کی پہنچ سے بہت دور نہیں ہوتی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ میں نے بارہا کہا کہ میں پی ٹی آئی کی سپورٹر ہوں لیکن میں نے یہ بھی کہا تھا کہ میری پسندیدہ پارٹی پیپلز پارٹی ہے اور  بے نظیر بھٹو پسندیدہ  ہیں‘۔

شوہر میں پسندیدگی سے متعلق حریم نے کہا کہ ’میرے شوہر کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے شادی سے قبل مجھے کوئی خواب نہیں دکھائے، انہوں نے مجھے  اپنی پہلی شادی، پہلی بیوی اور بچوں سے متعلق سب سچ بتادیا‘۔

شادی کے لیے شوہر کی جانب سے پروپوز کیا گیا اور جب انہوں نے شادی کی پیشکش کی تو میں نے دو سے تین دن کا وقت مانگا 

ان کا کہنا تھا کہ ’شادی کے لیے شوہر کی جانب سے پروپوز کیا گیا اور جب انہوں نے شادی کی پیشکش کی تو میں نے دو سے تین  دن کا وقت مانگا اور پھر میں نے کچھ لوگوں سے مشورے کیے اور میرے دل سے آواز آئی’ ہاں‘ جس کے بعد ہماری شادی ہوگئی‘۔

شوہر کو تین چار ماہ پہلے سے ہی جانتی ہوں

حریم شاہ نے بتایا کہ ’شوہر کو تین چار ماہ پہلے سے ہی جانتی ہوں لیکن اس دوران ہماری کوئی دوستی یا تعلق نہیں بنا بس دو تین مرتبہ ملے دیکھا اور شادی ہوگئی‘۔

مزید خبریں :