03 جولائی ، 2021
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین سے تعلقات ختم کرنےکا کسی نے کھل کر نہیں کہا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’سی پیک پر قومی اتفاق رائے موجود ہے اس پر فیصلہ ہوچکا ہے، کسی کو پسند ہو یا نہ ہو، سی پیک ہماری ضرورت ہے اور یہ منطقی انجام تک پہنچے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’برملا کہتا ہوں کہ چین نے کبھی نہیں کہا کہ آپ امریکا کے ساتھ تعلقات بگاڑیں، ہم بالکل امریکا کے ساتھ تعلقات بگاڑنا نہیں چاہیں گے‘۔
پروگرام کے میزبان نے سوال کیا کہ کیا امریکا نے چین کے ساتھ تعلقات سے متعلق کچھ کہا؟ اس پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’اس طرح کوئی نہیں کہتا، انداز ہوتے ہیں، ذو معنی باتیں ہوتی ہیں، اُن کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں‘۔
افغانستان کے معاملے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان ہر گز نہیں چاہے گاکہ کابل پر قبضہ ہو، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کی حکومت بھی اپنے رویئے میں لچک دکھائے، طالبان کے ساتھ بیٹھ کر گفت و شنید سے معاملات طے کریں، صدر اشرف غنی کے ساتھی اور طالبان بھی افغان ہیں انہوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے‘۔