03 جولائی ، 2021
بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ میں 15 سال بعد علیحدگی ہوگئی۔
عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی 15 سالہ رفاقت ختم ہوگئی اور آج دونوں نے علیحدگی کا اعلان کیا ہے جبکہ مسٹر پرفیکشنسٹ اور کرن راؤ کا 9 سال کا ایک بیٹا آزاد راؤ خان بھی ہے۔
مشہور جوڑی کی علیحدگی کی وجہ جاننے کیلئے ساری دنیا بے تاب ہے اور سوشل میڈیا پر بھی طرح طرح کی باتیں کی جارہی ہیں تاہم اب عامر خان کے قریبی دوست امین حاجی نے علیحدگی کی وجوہات بتادی ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں امین حاجی کا کہنا تھاکہ عامر اور کرن کے درمیان لاک ڈاؤن میں ہی اختلافات شروع ہوگئے تھے اور مجھے فروری میں دونوں کے اختلافات کا پتا چلا تو بے حد دکھ ہوا۔
امین نے بتایا کہ دونوں کے اختلافات ختم کرانے کیلئے بات کی تو میری آنکھیں نم ہوگئیں اور دونوں سے بڑی التجا کی کہ علیحدگی نہ اختیار کریں لیکن آج وہ خبر سننے کو مل ہی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ عامر اور کرن کے درمیان علیحدگی کی وجہ جاننے کیلئے سب ہی بیتاب ہیں لیکن علیحدگی کے اعلان کے وقت بھی دونوں لداخ میں فلم ’لال سنگھ چڈھا’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ اس فلم کی پروڈیوسر کرن ہی ہیں۔
امین حاجی نے مزید بتایا کہ رشتہ ٹوٹنا ذاتی نوعیت کا معاملہ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ عامر شاید کام کی وجہ سے گھر کو وقت نہیں دے پا رہے ہوں، اسی وجہ سے ایسا ہوا ہو۔
ان کا کہنا تھاکہ عامر کی علیحدگی کی کئی وجوہات بیان کی جارہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ان کی زندگی میں کوئی اور آگیا ہے، اس کی میں تردید کرتا ہوں کیونکہ ایسا ہوتا تو مجھے ضرور علم ہوتا۔
خیال رہے کہ امین حاجی اور عامر خان 20 سال سے دوست ہیں اور دونوں ساتھ کئی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں جس میں ’لگان، ’منگل پانڈے‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔