03 جولائی ، 2021
کراچی میں چوروں نے قربانی کے جانورں کو ٹارگٹ کرلیا۔
کراچی کے علاقے ملیر غازی ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی جانب سے بکریاں چوری کرنے کی کوشش کے خلاف متاثرہ شخص نےملیر سٹی تھانے میں درخواست جمع کرادی۔
درخواست گزارکے مطابق 6 بکریاں گھر سے باہر بنے کمرے میں بندھی تھیں جبکہ بکریاں چوری کرنے والے تین ملزمان موٹرسائیکل اور لوڈنگ رکشے پر سوار تھے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پڑوسی نے بتایاکہ کوئی بکریاں چوری کررہا ہے، باہر نکل کر شور مچایا تو اہل محلہ بھی جمع ہوگئے جس کے بعد ملزمان لوڈنگ رکشہ چھوڑ کر موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب واقعےکی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں کمرے کا تالا کاٹ کر ایک ملزم کو بکریوں کو باہر نکالتے دیکھاجاسکتا ہے۔
لوڈنگ رکشہ آتے ہی بکریوں کا مالک شور کرتا ہے جس کے بعد ملزمان بکریاں چوری کیے بغیر موٹرسائیکل پر فرار ہوجاتے ہیں۔