04 جولائی ، 2021
پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ اور فیشن ڈیزائنر نادیہ حسین نے وائرل ویڈیو سے متعلق اپنا مؤقف واضح کر دیا۔
جیو نیوز ویب سے گفتگو کرتے ہوئے نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی اور پھر بجلی کی غفلت، غفلت ہی نہیں جانی نقصان کا سبب بھی بن سکتی ہے لہٰذا اگر وائرل ویڈیو ایک اشتہاری مہم ہونے کے برعکس حقیقت بھی ہوتی تو میرا اپنی ملازمہ کے ساتھ یہی سلوک ہوتا جو اس ویڈیو میں ہے۔
نادیہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کے پارلر میں بھی اکثر لڑکیاں بعض اوقات ایسی ہی غفلت برت جاتی ہیں اور یہ ایک یا دو کے لیے نہیں بلکہ سیلون میں موجود ہر انسان کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔
نادیہ کے مطابق اسی غفلت اور غیر ذمہ داری کے سبب ان کے سیلون کے کئی برقی آلات خراب ہو چکے ہیں، ان کے سیلون کے مائیکرو ویو اوون پھٹ چکے ہیں۔
غلطی امیر کرے یا غریب غلطی غلطی ہوتی ہے: نادیہ حسین
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری ملازمہ سے کی گئی گفتگو کو معاشرے میں حیثیت کے درجے سے جوڑا گیا، غلطی اور غفلت میں حیثیت معنی نہیں رکھتی، غلطی امیر کرے یا غریب غلطی غلطی ہوتی ہے، اس پر آپ کو مالک یا باس کی جانب ڈانٹ ڈپٹ کی جاسکتی ہے اور میں نے بھی وہی کیا۔
نادیہ حسین نے گفتگو کے دوران اپنی ملازمہ کی غفلت سے متعلق ایک واقعہ بھی شیئر کیا اور بتایا کہ حال ہی میں میری ذاتی ملازمہ کی غفلت میرے اور اہل خانہ کے لیے حادثے کا باعث بن سکتی تھی۔
نادیہ کے مطابق ملازمہ نے ان کے بچوں کو باتھ دینے کے بعد ہیئر ڈرائیر کا استعمال کیا اور استعمال کے بعد وہ ہیئر ڈرائیر بند کیے بغیر بچوں کے کمرے سے باہر چلی گئی۔
فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا وہ ڈرائیر مسلسل 3گھنٹوں تک بچوں کے روم میں اسی طرح چلتا رہا اور 3گھنٹوں بعد انہیں بچوں کے کمرے میں داخل ہو کر ڈرائیر کو خود بند کرنا پڑا لیکن اس وقت پلگ اتنا گرم تھا کہ انھیں سوئچ سے ہٹانے کے لیے اسے کپڑے سے پکڑنا پڑا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل نادیہ حسین کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گھریلو ملازمہ کو سوئچ بند نا کرنے اور موبائل میں مگن رہنے پر ڈانٹ ڈپٹ کرتی دِکھائی دے رہی تھیں۔
تاہم اداکارہ نے اب انسٹاگرام پر بھی ایک ویڈیو جاری کر دی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک برانڈ کی اشتہاری مہم تھی۔