06 جولائی ، 2021
گلوکار عاصم اظہر کی منگنی سے متعلق خبریں زیر گردش ہیں۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر خبریں وائرل ہورہی ہیں کہ گلوکار عاصم اظہر نے فیشن بلاگر اور ماڈل میرب علی سے منگنی کرلی ہے۔
سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں ہیں کہ عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی ایک نجی تقریب میں ہوئی جب کہ منگنی کی اس خبر کو سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر شیئر کیا جارہا ہے۔
میرب علی اور عاصم اظہر نہ صرف بہت اچھے دوست ہیں بلکہ مختلف مقامات پر بھی دونوں کو ایک ساتھ متعدد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
مزید برآں میرب علی کی جانب سے عاصم اظہر کے ساتھ گلوکاری کرتے ہوئے ویڈیو بھی شیئر کی جاچکی ہے۔
میرب علی اس سے قبل بھی عاصم اظہر کی والدہ اور اداکارہ گل رعنا کے ساتھ لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرچکی ہیں۔
تاہم دونوں شخصیات کی جانب سے فی الحال اس حوالے سے کوئی تردید یا اعتراف سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گلوکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کئی عرصہ ایک ساتھ نظر آئے تھے جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات اور قربتوں سے متعلق باتیں کی جارہی تھیں، عاصم اظہر بھی متعدد انٹرویوز میں اداکارہ ہانیہ عامر کے لیے جذبات کا اظہار کر چکے تھے کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔
تاہم گزشتہ برس ہانیہ عامر نے لائیو سیشن کے دوران اعتراف کیا کہ عاصم اور میں صرف دوست ہیں، ہم دونوں ایک ساتھ نہیں ہیں، ہمارے درمیان کوئی تعلقات ہیں'۔