Time 08 جولائی ، 2021
دنیا

افغانستان میں امن و استحکام کے اقدامات پر امریکا پاکستان کا مشکور

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ پاکستان مختلف محاذوں پر امریکا کے ساتھ شراکت دار ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان حالیہ دنوں میں امن کی مشترکہ خواہش میں مددگار رہا، پاکستان کئی محاذوں پر امریکاکا اہم شراکت دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیےامریکا اورپاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں اور  یہ سلسلہ حکومتوں کی تبدیلی کےبعد بھی جاری رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کی تعمیری شراکت داری کی حوصلہ افزائی کی گئی تاکہ وہاں امن و امان کی جھلک نظر آسکے۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان کےساتھ ہمارے مشترکہ مفاد اس سے بھی بڑھ کر ہیں جس میں انسداد دہشتگردی کا مشترکہ مفاد بھی شامل ہےاور عوام سے عوام کا رابطہ جو دونوں ممالک کو باہم جوڑتا ہے۔

 امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان  نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ افغانستان کےتمام پڑوسیوں کو مکمل جنگ بندی اور سیاسی تصفیے کےلیےتعمیری کردار ادا کرنا چاہیے، ماضی میں افغانستان کےکچھ پڑوسیوں نے وہاں استحکام کےلیےتعمیری کردار ادا نہیں کیا، وہ ممالک افغانستان میں دوسرے ممالک کی جانب سے ذمہ داری اٹھانے پرخوش تھے۔

نیڈ پرائس نے  مزید  کہا کہ امریکا واضح کر چکا کہ ہم اس بات کو مکمل یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ افغانستان کے پڑوسی ممالک اپنا تعمیری کردار ادا کریں، اس بات کو جانتے ہوئے کہ پڑوسیوں کا تعمیری کردار ہی افغانستان میں امن کی مشترکہ خواہش کی بنیاد ہے۔

مزید خبریں :