Time 09 جولائی ، 2021
پاکستان

اسلام آباد تشدد کیس: ملزمان نے لڑکے اور لڑکی کو بلیک میل کرکے لاکھوں روپے ہتھیائے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں  لڑکی اور لڑکے پر تشدد کے معاملے میں گرفتار مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت دیگر کی جانب متاثرہ فریقین کو بلیک میل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی تحقیقات کے مطابق لڑکے اور لڑکی پر تشدد کے بعد عثمان مرزا سمیت ملزمان نے متاثرہ فریقین کو بلیک میل کیا اور ویڈیو وائرل کیے جانے کا خوف دلاکر متاثرہ لڑکے اور لڑکی سے رقم لیتے رہے۔

تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان اب تک متاثرہ فریقین سے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیا چکے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے گرفتار ملزمان کے پاسپورٹ واچ لسٹ میں ڈالنے کی استدعا کی ہے۔

دوسری جانب مرکزی ملزم عثمان کا بھائی علی ابرار، ساتھی ریحان اورمحب بنگش تاحال مفرور ہیں۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا سے ہٹانے کیلئے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کو بھی خطوط ارسال کردیے گئے ہیں۔

وفاقی پولیس جلد ہی لڑکے اور لڑکی کا 164 کا بیان مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند کروائے گی جبکہ ایف آئی آرمیں مزید دفعات کے اضافے کیلئے وفاقی پولیس حکام کی وزارت قانون سے مشاورت جاری ہے۔

خیال رہے کہ متاثرہ نوجوان لڑکی اور لڑکے نے  آپس میں شادی کرلی ہے جبکہ ان کے بیانات بھی پولیس ریکارڈ کرچکی ہے۔

مزید خبریں :