Time 09 جولائی ، 2021
پاکستان

نازیبا ویڈیو کا معاملہ، ملزمان مزید 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد: لڑکے لڑکی پر تشدد اور ان کی نازیبا ویڈیو بنانے سے متعلق کیس میں گرفتار ملزمان کو مزید 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

لڑکے لڑکی پر تشدد کرنے والے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ وقار گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ وکیل صفائی نے ملزمان کے مزید ریمانڈ دینے کی مخالفت کی گئی۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ آج ہم جس کیس کا ریمانڈ مانگ رہے ہیں وہ دفعہ 354 اے ہے، 354 اے کا کیس بنتا ہی کسی کی عزت اچھالنا ہے، ابھی متاثرہ لڑکے اور لڑکی کا بیان بھی قلمبند کرنا ہے، زیادہ سے زیادہ ریمانڈ دیا جائے تاکہ موبائل اور دیگر ویڈیوز بھی برآمد ہو سکیں۔

جج نے استفسار کیا کہ آپ نے ملزم کی لوکیشن لی ہے؟ جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا جی اپلائی کیا ہے، وقت لگتا ہے مل جائے گی، اتنے بڑے کیس میں 2 دن کا ریمانڈ بہت کم ہے۔

فاضل جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کو کہا جائے ویڈیو اپلوڈ کرنے والے کا سراغ لگایا جائے۔

عدالت نے لڑکے لڑکی پر تشدد سے متعلق کیس میں عثمان مرزا سمیت 3 ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

مزید خبریں :